میرپور خاص: سندھڑی کے علاقے میں ایک نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں بھگتیانی برادری سے تعلق رکھنے والی 45 سالہ خاتون جیئان کو اُن کے ہی بیٹے اور قریبی رشتہ داروں نے قتل کر دیا۔
واقعہ کی تفصیلات کے مطابق مقتولہ کو پہلے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیاپھر چھری کے وار سے قتل کرنے کے بعد اس کے ہاتھ، پاؤں اور دیگر اعضا کاٹ کر لاش کو نہر میں پھینک دیا گیا۔
وومنز ایکشن فورم میڈیا واچ سندھ نے سب سے پہلے اس واقعے کو رپورٹ کیا اور مقامی پولیس و حکام سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے لاش کی تلاش اور برآمدگی پر زور دیا۔
2 ستمبر 2025 کو ڈھرڑو ریگیولیٹر کے قریب مقامی افراد نے پانی میں ایک نامعلوم لاش دیکھی اور اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کی۔ بعد ازاں پوسٹ مارٹم کے دوران لاش کی شناخت جیئان کے طور پر ہوئی۔ اُس وقت مقتولہ کے گم شدہ زیورات اور جسم پر تشدد کے نشانات نے کیس کو مزید سنگین بنا دیا۔
تحقیقات کے دوران چونکا دینے والا انکشاف ہوا کہ مقتولہ کے بیٹے لیلو بھاٹ نے اپنے ساتھی گلیو بھاٹ اور دیگر ملزمان پر دباؤ ڈالا کہ ماں کو ’’بدکرداری‘‘ کی وجہ سے قتل کر دیا جائے تاکہ خاندان کو بدنامی سے بچایا جا سکے۔
پولیس کے مطابق گلیو بھاٹ نے اعتراف کیا کہ لیلو کے کہنے پر مقتولہ کو پہلے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور پھر چھری سے قتل کر کے گھر پہنچنے کے بعد اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر لاش کے اعضا کاٹ کر نہر میں پھینکا گیا۔
پولیس پریس کانفرنس میں ڈی ایس پی سندھڑی عامر بھاٹ، انچارج ڈی آئی سی انسپکٹر غلام حسین سدھائی اور دیگر افسران نے بتایا کہ تینوں مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
دورانِ تفتیش یہ بھی پتہ چلا کہ مقتولہ کا بیٹا لیلو نہ صرف قتل میں براہ راست ملوث تھا بلکہ اس نے ملزم کو اس کام کے عوض رقم بھی دی تھی۔ مقتولہ کی بیٹی سرپو بھاٹ نے بھی پولیس کو بتایا کہ اُس کے بھائی نے قاتل کو مالی مدد اور مکمل سہولت دینے کا وعدہ کیا تھا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ، چھری، کلہاڑی اور مقتولہ کا سونے کا لاکٹ بھی برآمد کر لیا گیا ہے اور انہیں کیس کی پراپرٹی میں جمع کرایا جا چکا ہے۔
اس ہولناک واقعے نے مقامی آبادی اور سماجی حلقوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ وومنز ایکشن فورم نے اس کیس کی شفاف اور سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ نہ صرف ایک سنگین خاندانی سانحہ ہے بلکہ معاشرتی زوال کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








