ملتان : قادر پور کے علاقے میں 3بچوں کی ماں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزمان ایک ماہ گزرجانے کے باوجود پولیس کی گرفت میں نہیں آسکے۔
ایک ماہ قبل قادر پور میں بدھلہ سانت کے علاقے میں تین بچوں کی ماں کو اجتماعی عصمت دری کا نشانہ بنایا گیا تھا،اجتماعی عصمت دری کے ملزموں کی تعداد تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔
متاثرہ خاتون کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بااثر افراد مقدمہ واپس لینے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں اس لئے ملزمان ابھی گرفتار نہیں ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں عصمت دری کے واقعات کی تعداد روز بروز بڑھتی جارہی ہے۔اجتماعی عصمت دری کے ایک حالیہ واقعے میں چند روز قبل ایک اور خاتون کے ساتھ چھ افراد نے اجتماعی عصمت دری کی۔
متاثرہ خاتون جڑانوالہ روڈ پر سفر کرنے کے لئے گاڑی کی منتظر تھی جب درندہ صفت ملزمان نے اجتماعی عصمت دری کا نشانہ بنایا۔ستمبر کے مہینے میں سرگودھا میں اجتماعی عصمت دری کے ایک الگ واقعے میں ایک خاتون کو شوہر اور بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔