کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چوری شدہ موٹر سائیکلوں کے انجن اور پارٹس سے بھرا ہوا ایک مزدا ٹرک برآمد کر لیا۔ کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ضلع کیماڑی پولیس کے ترجمان کے مطابق پاک کالونی پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ایک کباڑی کے گودام میں چوری کا سامان موجود ہے۔ اطلاع پر فوری ایکشن لیتے ہوئے گودام پر چھاپہ مارا گیا جہاں ایک مزدا ٹرک میں موٹرسائیکلوں کے انجن، ٹائرز اور دیگر قیمتی پرزے پہلے سے لوڈ کیے گئے تھے۔
گرفتار ہونے والے افراد کی شناخت زاہد اور عبدالبصیر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ارباب خان اور نورالحق نامی دو ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ جانا جا سکے کہ برآمد شدہ سامان کن وارداتوں سے جڑا ہوا ہے۔ حکام کو شبہ ہے کہ یہ گروہ شہر میں موٹرسائیکل چوری کی ایک بڑی لڑی کا حصہ ہو سکتا ہے۔ پولیس نے برآمد شدہ سامان اور ٹرک کو قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








