صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے ڈیفنس میں نئے صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ کی تقریب میں فائرنگ سے ان کے بھائی مبشر کھوکھر جان بحق ہو گئے ہیں۔
ولیمے کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے تاہم فائرنگ کا واقعہ ان کے نکلنے کے بعد پیش آیا۔ فائرنگ سے مبشر کھوکھر شدید زخمی ہوئے، انہیں نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دم توڑ گئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ 2 حملہ آور گھات لگاکر گیٹ پر پہلے ہی سے موجود تھے، وزیراعلیٰ کے اسٹاف نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو پکڑ لیا ہے۔
صوبائی وزیر اسد کھوکھر سمیت تینوں بھائی وزیراعلیٰ پنجاب کو گیٹ پر چھوڑنے آئے تھے، فائرنگ کے واقعے کے بعد دعوت ولیمہ منسوخ کردی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آئی جی پنجاب سے فائرنگ کے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کو قانون کے مطابق سزا یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے مزید کارروائی کی جائے۔ سکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے بھی جامع انکوائری کی جائے اور گرفتار ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ آج ہی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی اسد کھوکھر کو دوبارہ صوبائی وزیر بنانے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ اسد کھوکھر سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے خالی کردہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 168 پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : ویزا میں توسیع نہ ملنے کے بعد نواز شریف کے لیے کیا آپشنز ہیں؟
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








