لاہور: اورنج لائن میٹرو ٹرین کے آزمائشی سفر کا آغاز ہو گیا، وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب جہانزیب خان نے آزمائشی سروس کا افتتاح کیااور دیگر وزراء کےہمراہ ڈیرہ گجراں سے علی ٹاؤن تک کا سفر کیا۔
اورنج لائن میٹروٹرین ڈیرہ گجراں سے اپنی منزل علی ٹاؤن کی جانب آزمائشی سفر پر روانہ ہوئی۔ اورنج لائن ٹرین میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی، پنجاب حکومت کے خصوصی مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ سمیت اہم شخصیات سوار تھے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین روٹ کے 26 اسٹیشنز پر2000 سے زائد پولیس افسران اور جوان ڈیوٹی پرتعینات کئے گئے۔
اورنج ٹرین کا 25.4 کلو میٹر ٹریک ایلی ویٹیڈ جبکہ 1.72 کلومیٹر انڈر گراؤنڈ ہے، 26 سٹیشنز میں سے 24 ایلی ویٹیڈ اور 2 انڈر گراؤنڈ ہیں۔ ٹرین کی زیادہ سے زیادہ رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے مگر ٹرین اوسطاً 34.8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔
ٹرین ڈیرہ گوجراں سے علی ٹاؤن تک 27 کلو میٹر کا فاصلہ 45 منٹ میں طے کرے گی مگر شہریوں کو ٹرین پر سفر کرنے کے لیے ابھی مزید 3 ماہ کا انتظار کرنا پڑے گا،اورنج ٹرین کو 3 ماہ تک آزمائشی طورپرچلا کراس کا مکینیکل، الیکٹریکل اوربریک سسٹم چیک کیا جائے گا۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








