محمد سراج کا شراب کا تحفہ لینے کا انکار؛ شبمن گل کی یکجہتی نے دل جیت لیے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

اوول ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد بھارتی ٹیم کے تیز گیند باز محمد سراج کو پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا لیکن انہوں نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے پیش کیا گیا خصوصی تحفہ شیمپین کی بوتل قبول کرنے سے انکار کر دیا تاہم اس فیصلے کے پیچھے ایک گہری اور قابل احترام وجہ ہے۔

محمد سراج نے شیمپین کی بوتل قبول نہ کرنے کی وجہ اپنے مذہبی عقائد ہیں۔ وہ ایک پختہ مسلمان ہیں اور اسلام میں شراب کا استعمال حرام مانا جاتا ہے۔ یہ پابندی قرآن مجید، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث اور اسلامی فقہ پر مبنی ہے۔ سراج کے اس فیصلے نے ان کے مذہب سے گہری وابستگی اور اصولوں پر استقامت کو ظاہر کیا۔

ای سی بی کی روایت کے مطابق اوول ٹیسٹ کے بعد ایوارڈ یافتگان کو شیمپین کی بوتل پیش کی جاتی ہے۔ بھارتی کپتان شبمن گل نے پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈ کے ساتھ شیمپین کی بوتل قبول کی لیکن انہوں نے اپنے ساتھی محمد سراج کے احترام میں اسے کھولنے سے گریز کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ محمد سراج مذہبی وابستگی کے ساتھ ساتھ بھارتی ثقافت کو بھی بھرپور طریقے سے اپناتے ہیں۔ وہ دیوالی سمیت تمام بھارتی تہواروں کو اپنی ٹیم انڈیا کے ساتھیوں کے ساتھ جوش و خروش سے مناتے ہیں جو ان کی ہم آہنگی اور رواداری کی عکاسی کرتا ہے۔

بھارت کی مسلم تنظیموں نے سراج کے اس اقدام کی دل کھول کر تعریف کی اور کہا کہ محمد سراج نے نہ صرف پوری دنیا بلکہ بالخصوص مسلم نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال قائم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں بہت سے نوجوان شراب، گٹکھا اور دیگر نشہ آور اشیاء کی لت میں مبتلا ہو رہے ہیں جو نہ صرف ان کے خاندانوں بلکہ پورے معاشرے پر منفی اثرات مرتب کرتی ہیں اور والدین کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

Related Posts