مرتضیٰ وہاب مریم نواز کے نقش قدم پر! شہر قائد میں بسنت میلہ منعقد کرنے کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے شہرِ قائد میں بسنت منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ موسمِ بہار کی آمد کو خوش آمدید کہنے کے لیے کراچی میں بسنت فیسٹیول کے انعقاد کی تیاری شروع کر دی گئی ہے، جس کا مقصد شہریوں کو تفریح اور خوشی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

میئر کراچی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ بسنت فیسٹیول روایتی اور محفوظ انداز میں منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ غیر محفوظ پتنگ بازی کی بات نہیں کر رہے بلکہ باغِ ابنِ قاسم یا بے نظیر بھٹو پارک جیسے مقامات پر ایک باقاعدہ بسنت میلہ سجایا جائے گا جہاں شہری اہلِ خانہ کے ساتھ محفوظ ماحول میں لطف اندوز ہو سکیں گے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ان دنوں بسنت کا خوب چرچا ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں پتنگ بازی یا اس سے جڑے کسی ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سازشی عناصر کو منفی سیاست چھوڑ کر لوگوں کو خوشیاں دینے پر توجہ دینی چاہیے اور شہر کو خوبصورت بنانے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی بہتری کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو بھی فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے رہنما بھی بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنانے کی بات کر رہے ہیں تاہم محض تنقید سے مسائل حل نہیں ہوتے۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی کے مستقبل کی ضامن ہے اور شہر کی ترقی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب کام نہیں ہو رہا تھا تو عدم اعتماد کی بات نہیں کی گئی لیکن جیسے ہی کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے آئے کچھ لوگوں کی دلچسپی بڑھ گئی۔

Related Posts