وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کیپٹن محمد علی قریشی شہید کے گھر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے شہید کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے صبر، حوصلے اور جذبہ حب الوطنی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ کیپٹن محمد علی قریشی نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ دے کر تاریخ میں سنہرا باب رقم کیا۔ انہوں نے شہید کی جرأت، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کی کیپٹن محمد علی قریشی شہید کے گھر آمد
▪️وزیر اعلی نے کیپٹن محمد علی قریشی شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور اظہارِ تعزیت کیا
▪️کیپٹن محمد علی قریشی نے 22 اگست 2024 کو کولپور بلوچستان میں فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان کے خلاف لڑتے ہوئے جامع شہادت… pic.twitter.com/SoiXsiVRPW
— PMLN (@pmln_org) February 5, 2026
واضح رہے کہ کیپٹن محمد علی قریشی 22 اگست 2024 کو بلوچستان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔
وزیرِ اعلیٰ نے شہید کے اہلِ خانہ کے عزم اور وطن سے محبت کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہدا اور ان کے خاندانوں کی مقروض ہے۔
تعزیتی ملاقات کے دوران وزیرِ اعلیٰ کے ہمراہ سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران محلے کے بچے بھی وزیرِ اعلیٰ سے ملاقات کے لیے جمع ہو گئے جنہیں مریم نواز نے شفقت اور محبت سے نوازا جس پر اہلِ علاقہ نے ان کے اس رویے کو سراہا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








