اسلام آباد: وزیرِ مملکت مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پیٹرول پر سبسڈی نہیں دی جارہی تاہم امیر کیلئے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کرکے غریبوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک غیر رسمی بیان میں وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ آئی ایم ایف کی سوچ ہے کہ حکومت پیٹرول پر سبسڈی دے رہی ہے جبکہ ہمارا سبسڈی دینے کا کوئی ارادہ نہیں۔ نیا ٹیکس نہیں لگایا جارہا۔
حکومت کا صنعتی ترقی کیلئے سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع کرنیکا فیصلہ
بیان میں وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ حکومت امیر کا پیٹرول نرخ بڑھا کر غریبوں میں تقسیم کرے گی۔ ملک بھر میں 2 کروڑ 60 لاکھ موٹر سائیکلز جبکہ 2 کروڑ 14 لاکھ چھوٹی گاڑیاں موجود ہیں۔ موٹر سائیکل کا ماہانہ 21لیٹر پیٹرول استعمال ہوتا ہے۔
وزیرِ مملکت مصدق ملک نے کہا کہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلز 460 ملین لیٹر پیٹرول استعمال کرتے ہیں۔ موٹر سائیکل کو 100 روپے جبکہ چھوٹی گاڑیوں کو 30 لیٹر ماہانہ ریلیف دینے کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 100 کا فرق ہوگا۔
مصدق ملک نے کہا کہ ہر 15 روز بعد امیر اور غریب کیلئے پیٹرول کی قیمت کے فرق کا اعلان کریں گے۔ حکومت ریلیف دینے کیلئے پاس ورڈ، کارڈ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے آپشنز پر غور کر رہی ہے۔ موٹر سائیکل کی یومیہ حد 2 لیٹر مقرر کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ گاڑیوں میں 1روز میں 5 لیٹر تک سستا پیٹرول ڈلوایا جاسکے گا۔ ریلیف پر سبسڈی صفر ہے۔ ڈیزل پر سبسڈی نہ دینے کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔ حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ تیل کمپنیوں کو پیٹرول پیکیج پر اعتماد میں لے چکے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








