فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے ایران کے ورلڈ کپ میچز کو میکسیکو منتقل کرنے کے امکانات ختم کر دئیے ہیں اور شمالی و وسطی امریکہ میں ٹورنامنٹ کے باقاعدہ میچ شیڈول کو برقرار رکھا ہے۔
یہ تنازع سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عوامی بیانات کے بعد پیدا ہوا جنہوں نے کہا تھا کہ ایران کی ٹیم کے لیے امریکہ جانا نا مناسب ہوگا اور اس کی وجہ سیکیورٹی خدشات بتائے تھے جس پر صدر ایرانی فٹبال فیڈریشن مہدی تاج نے کہا کہ فیڈریشن ایران کے شیڈول کردہ میچز کو لاس اینجلس اور سیئیٹل سے میکسیکو منتقل کرنے کے لیے مذاکرات کر رہی تھی۔
قطری براڈکاسٹر الجزیرہ نے ایران کے کھیلوں کے وزیر احمد دونیامالی کے حوالے سے رپورٹ دی کہ ایران کی شرکت صرف اسی صورت میں تصدیق کی جائے گی اگر اس کے امریکی میچز میکسیکو منتقل کیے جائیں یعنی ایران کی شرکت کا انحصار میچز کے مقام کی تبدیلی پر ہے۔
فیفا کے اندرونی ذرائع نے دی ٹائمز کو بتایا کہ ایران کے میچز کو منتقل کرنے کے حوالے سے کوئی ٹھوس مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں۔
فیفا کا کہنا ہے کہ لاجسٹکس پہلے سے طے شدہ ہیں خاص طور پر اس وجہ سے کہ امریکی میچز کے لیے ٹکٹوں کی بڑی تعداد پہلے ہی فروخت ہو چکی ہے۔ فیفا کے ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ وہ تمام شریک فیڈریشنز، بشمول ایرانی فٹبال فیڈریشن کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں رہتا ہے تاکہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کی منصوبہ بندی پر بات کی جا سکے اور توقع ظاہر کی کہ تمام ٹیمیں 6 دسمبر 2025 کو اعلان شدہ میچ شیڈول کے مطابق کھیلیں گی۔
فیفا نے دوبارہ اس بات کی تصدیق کی کہ منصوبہ بندی معمول کے مطابق جاری ہے اور تمام کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کی شرکت متوقع ہے۔
یاد رہے کہ اگر ایران شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرتا ہے تو فیفا کے پاس متبادل ٹیم منتخب کرنے کا خصوصی اختیار ہوگا اور رپورٹ کے مطابق اس فرضی خالی جگہ پر ممکنہ امیدواروں میں عراق اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








