شناختی کارڈ کی تجدید 30 جون سے قبل کروا لیں ورنہ؟ نادرا کا انتباہ جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

شناختی کارڈ
(فوٹو: مینگو باز)

نادرا نے ایسے شہریوں کے لیے اہم انتباہ جاری کیا ہے جن کے قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) کی مدت ختم ہو چکی ہے۔ نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی(نادرا)  نے کہا ہے کہ ایسے شہری بروقت اپنے شناختی کارڈ کی تجدید کرائیں یا ب فارم کو سی این آئی سی میں تبدیل کروائیں۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ جن بچوں کا ب فارم ابھی تک نہیں بنوایا گیا، ان کے والدین جلد از جلد بچوں کا ب فارم حاصل کریں تاکہ قانونی شناخت اور مستقبل میں ضروریات کی تکمیل میں رکاوٹ نہ آئے۔ نادرا نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدامات 30 جون 2026 تک مکمل کرنا لازمی ہیں تاکہ اضافی فیس یا جرمانے سے بچا جا سکے۔

نادرا نے واضح کیا ہے کہ یہ ہدایات نادرا آرڈیننس 2000 کی دفعہ 30(1)(ای) کے تحت جاری کی گئی ہیں، جس کا مقصد شہریوں کو قانونی دستاویزات کے سلسلے میں بروقت اقدامات کرنے کی ترغیب دینا ہے۔ شناختی کارڈ اور ب فارم کی تجدید یا حصول میں تاخیر سے نہ صرف قانونی مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں بلکہ بعض سرکاری اور بینکنگ خدمات میں بھی رکاوٹ آ سکتی ہے۔

یہ انتباہ خاص طور پر ان شہریوں کے لیے ہے جو بیرون ملک مقیم ہیں یا جنہوں نے حال ہی میں شناختی کارڈ حاصل نہیں کیا، تاکہ وہ بھی مقررہ مدت کے اندر اپنے دستاویزات کو اپ ڈیٹ کر سکیں اور کسی بھی قانونی یا مالی پیچیدگی سے محفوظ رہیں۔

Related Posts