سندھ کے شہر حیدر آباد میں ایک گھر کو آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں ماں 2 بچوں سمیت جھلس کر جاں بحق ہوگئی جن میں ایک بیٹی اور ایک بیٹا بھی شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح حیدر آباد کے تعلقہ قاسم آباد کے علاقے علی پیلس کے قریب دکانوں کے اوپر واقع ایک گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جو دیکھتے ہی دیکھتے پھیلتی چلی گئی جس کے نتیجے میں بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔
آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا، عملے نے گھر کا دروازہ توڑا تو اندر تین لاشیں موجود تھیں جن میں محمد ندیم صدیقی نامی شخص کی اہلیہ، بیٹا اور بیٹی شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ ہے۔ جانی نقصان آگ کی شدت اور دھویں کے باعث ہوا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








