گلوکارہ نمرا مہرا کے میوزک لیبل بیونڈ ریکارڈز پر سنگین الزامات، فراڈ کا دعویٰ، ویڈیو

تازہ ترین

تازہ ترین

Namra Mehra accuses ‘Beyond Records’ of cheating, selling her songs
ONLINE

معروف گلوکارہ نمرا مہرا نے پاکستانی میوزک لیبل بیونڈ ریکارڈز پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کمپنی نے دو سال تک ان کے ساتھ دھوکہ کیا، ان کے گانوں کے حقوق غیر قانونی طور پر دوسری کمپنی کو فروخت کر دیے اور انہیں ایک روپیہ تک ادا نہیں کیا۔

نمرا مہرا نے انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ بیونڈ ریکارڈز نے دو سال کے عرصے میں نہ صرف ان کی محنت کا غلط استعمال کیا بلکہ جھوٹے وعدوں اور تاخیری حربوں کے ذریعے انہیں مسلسل گمراہ کیا۔

انہوں نے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جبران خان پر براہِ راست الزام لگایا کہ انہوں نے انہیں جھوٹے وعدوں کے جال میں پھنسا کر ان کے تخلیقی کام سے ناجائز فائدہ اٹھایا۔

گلوکارہ کے مطابق انہوں نے اپنی میوزک ویڈیوز، انٹرویوز اور دیگر تخلیقی مواد خود تیار کیا، لیکن کمپنی نے ان کے کام کا کریڈٹ اپنے نام سے لیا۔

View this post on Instagram

A post shared by Nimra Shabbir (@nimramehraofficial)

 

نمرا نے کہا کہ انہیں بارہا یقین دہانی کرائی گئی کہ باقاعدہ معاہدہ کیا جائے گا اور انہیں ان کے مکمل مالی حقوق دیے جائیں گے، لیکن یہ وعدے کبھی پورے نہ ہوئے۔

نمرا مہرا نے مزید بتایا کہ انہیں حال ہی میں پتا چلا کہ بیونڈ ریکارڈز نے ان کے تمام گانوں کے حقوق ایک اور کمپنی کو فروخت کر دیے ہیں جس کے بعد انہوں نے قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے وکیل نے کمپنی کو لیگل نوٹس بھجوا دیا ہے اور وہ اپنے حقوق کی بحالی کے لیے عدالت سے رجوع کریں گی۔

نمرا مہرا نے اپنے مداحوں اور فنکار برادری سے اپیل کی کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہوں تاکہ موسیقی کے شعبے میں ہونے والے اس استحصال کے خلاف آواز بلند کی جا سکے۔

بیونڈ ریکارڈز کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے تاہم سوشل میڈیا پر مداحوں اور دیگر فنکاروں نے نمرا مہرا کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے انہیں بہادر اور حق گو قرار دیا ہے۔

Related Posts