راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف آپتھلمولوجی میں ایک غیر معمولی اور تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے جہاں پاک فوج کے دو بہادر سپاہیوں کی بینائی میجر جنرل (ر) سید ظفر مہدی عسکری کی مرحومہ اہلیہ وسیما عسکری کی عطیہ کردہ کارنیا سے بحال کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وسیما عسکری کے انتقال کے بعد 3 اکتوبر 2025 کو ان کی آنکھوں کا کارنیا عطیہ کیا گیاجسے ماہر سرجنز نے کامیابی سے دونوں سپاہیوں 30 سالہ علی اور 26 سالہ فلک شیر کی آنکھوں میں منتقل کیا۔
دونوں جوان انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران شدید زخمی ہو کر بینائی سے محروم ہو گئے تھے۔
ماہر آپتھلمک سرجنز نے یہ نازک آپریشن نہایت مہارت سے انجام دیا جس کے بعد دونوں سپاہیوں نے دوبارہ دنیا کو دیکھنے کی صلاحیت حاصل کر لی۔
ادارے کے مطابق یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب کسی مقامی خاتون کے عطیہ کردہ کارنیا سے کامیاب پیوند کاری کی گئی۔
مرحومہ کی صاحبزادی زہرا مہدی نے بتایا کہ انہیں اپنی والدہ کے اس عمل پر بے پناہ فخر ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ جان کر کہ میری والدہ کی آنکھوں نے دو بہادر سپاہیوں کی زندگیوں میں روشنی واپس لوٹا دی، ہمارے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے۔ یہ صدقۂ جاریہ کی ایک عظیم مثال ہے۔
انسٹیٹیوٹ آف آپتھلمولوجی کی ٹیم کی اس کامیاب کارکردگی کو سراہتے ہوئے مختلف حلقوں نے اسے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا ہے، جو نہ صرف طبی میدان میں ایک بڑی پیش رفت ہے بلکہ انسانیت اور قربانی کی اعلیٰ مثال بھی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








