آج پاکستان کا 78واں یومِ آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، اس موقع پر ملک بھر میں پرچم کشائی کی تقاریب، ملی نغمے، ریلیاں اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے پروگرام منعقد ہونگے جن میں عوام، سیاسی و عسکری قیادت اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھرپور شرکت کرینگے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے قوم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن قربانی، اتحاد اور جرات کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے علامہ اقبال، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور تحریکِ پاکستان کے تمام رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ معرکہ حق اور آپریشن بنیانِ مرصوص تاریخ کے سنہری ابواب ہیں، جو بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور اتحاد کی علامت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے صبر، حکمتِ عملی اور بھرپور قوت کے ساتھ اپنی خودمختاری اور سرحدی سلامتی کا دفاع کیا، جسے دنیا نے تسلیم کیا۔
صدر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو آج دنیا ایک امن پسند ملک کے طور پر دیکھتی ہے اور کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کے لیے پاکستان اپنی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے بھی قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کے شکر، قربانیوں کی یاد اور عزمِ نو کا دن ہے۔ انہوں نے قائداعظم، علامہ اقبال اور تحریکِ آزادی کے رہنماؤں و کارکنان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ آزادی کے 78 سالہ سفر میں پاکستانی قوم نے آزمائشوں کا مقابلہ کر کے کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مئی 2025 کا معرکہ حق اس سال یومِ آزادی کی خوشیوں میں اضافہ کر گیا، جب پاکستانی افواج نے شیر اور باز کی طرح جرات، مہارت اور ایمان کے ساتھ دشمن کو چند گھنٹوں میں پسپا کر دیا۔
وزیرِاعظم نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ ہماری حفاظت کا سایہ بنی رہیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے دفاع، آبی وسائل اور قومی مفادات کے تحفظ میں کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو علاقائی و عالمی تنازعات کو سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے اور بھارت کو بھی چاہیے کہ تمام تنازعات، بالخصوص مسئلہ کشمیر، اسی جذبے کے تحت حل کرے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








