معاشی اہداف حاصل نہ ہوسکے، قومی اقتصادی سروے آج پیش کیا جائے گا

تازہ ترین

تازہ ترین

قومی اقتصادی سروے
(فوٹو: فوٹو نیوز پاکستان)

اسلام آباد:  معاشی اہداف حاصل نہ ہوسکے، وزیر خزانہ رواں مالی سال24-2023ء کا قومی اقتصادی سروے آج پیش کریں گے، اس دوران دیگر وفاقی وزراء بھی موجود ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے اقتصادی سروے پیش کیے جانے کے  موقعے پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، حکومت کی اقتصادی ٹیم کے اراکین اور دیگر متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹری بھی موجود ہوں گے۔

بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اقتصادی سروے میں جاری مالی سال کے دوران اہم سماجی و اقتصادی اہداف اور مختلف شعبوں میں پیشرفت کی تفصیلات شامل ہوں گی۔ زراعت، مینوفیکچرنگ، صنعت، توانائی، خدمات، مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی حکومت کو اقتصادی سروے کے سامنے آنے والے اعداد وشمار کے مطابق زرعی شعبے کے علاوہ بعض دیگر اہم معاشی اہداف حاصل کرنے میں ناکامی کا سامنا رہا۔  رواں مالی سال کے دوران معاشی ترقی تین اعشاریہ پانچ فیصد ہدف کے مقابلے میں دو اعشاریہ 38  فیصد رہی۔

قومی اقتصادی سروے کے سامنے آنے والے نکات کے مطابق ملک بھر میں اوسط مہنگائی 21 فیصد سالانہ ہدف کے مقابلے میں 23 اعشاریہ دو فیصد تک رہی ہے۔اس کے علاوہ فی کس آمدن، ترسیلات زر، برآمدات، ٹیکس ریونیو کے شعبوں میں بہتری اور پیشرفت دیکھی گئی۔

تاہم سروے کے نکات کے مطابق صنعتی ترقی کا سالانہ 3.4 فیصد ہدف پورا نہ ہوا اور شرح نمو  1.2 فیصد رہی۔ مینوفیکچرنگ کا ہدف 4.3 فیصد اور کارکردگی 2.4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔بڑی صنعتوں کی کارکردگی 2.3فیصد کے مقابلے میں 0.1 فیصد رہی ہے جبکہ بعض شعبہ جات میں کارکردگی بہتر ہوئی۔

Related Posts