اسلام آباد: قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس میں 9 مئی کو ملکی سطح پر یومِ سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں تشدد یا شرپسندی ناقابلِ برداشت ہے، تشدد اور شرپسندی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔
شواہد موجود ہیں، شر پسندوں کی تربیت زمان پارک میں کی گئی
قومی سلامتی کمیٹی کے شرکائے اجلاس نے مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس دوران سیاسی فائدے کیلئے جلاؤ گھیراؤ اور عسکری تنصیبات پر حملوں کی سختی سے مذمت کی گئی۔
سلامتی کمیٹی اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ فوجی تنصیبات اور عوامی املاک کی حرمت و وقار کی خلاف ورزی برداشت نہیں کریں گے۔ 9 مئی کے یومِ سیاہ میں ملوچ تمام عناصر انصاف کے کٹہرے میں لائے جائیں گے۔
اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ عسکری تنصیبات پر حملہ آور افراد کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ شرکائے اجلاس نے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسی پیش کیا۔ سوشل میڈیا قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ بیرونی سرپرستی اور داخلی سہولت کاری کے تحت پراپیگنڈے کی روک تھام کی جائے گی۔ قومی اتحاد و یگانگت پر زور دیا گیا۔ کہا گیا کہ سیاسی اختلافات کا حل محاذ آرائی کی بجائے مذاکرات سے نکالا جاسکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








