عربی زبان میں ملکی سطح پر تقریری مقابلہ، جیتنے والوں کیلئے قیمتی انعامات

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو ایم ایم

پاکستان میں عربی زبان کی ترویج کے لیے قائم ادارے “مؤسسة احياء اللغة العربية پاکستان” کے زیر اہتمام ملک گیر سطح پر جاری عربی تقریری مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔

چاروں صوبوں میں دینی مدارس کے طلبہ کو مقابلے میں شرکت کے لیے 3 مختلف موضوعات دیئے گئے تھے۔ جن میں “سیرت النبیؐ اور اسلامی تشخص کی تعمیر میں اس کا کردار” “سیرت النبیؐ دور حاضر کی ضرورت” اور “آیئے! اپنے القدس اور اقصیٰ کو آزاد کرائیں” شامل تھے۔

سندھ کی سطح پر مقابلہ موسسۃ احیاء اللغۃ العربیہ کے مرکز جامعۃ الشيخ يحيىٰ المدنی بہادر آباد میں منعقد ہوا، جس میں 70 طلبہ نے شرکت کی اور پہلی پوزیشن جامعہ عربیہ اسلامیہ اسکاوٹ کالونی کے طالب علم نے جبکہ دوسری اور تیسری حسب ترتیب جامعہ دارالعلوم کراچی اور جامعہ بنوری ٹائون کے طالب علم نے لی۔

صوبہ پنجاب میں مقابلہ آس اکیڈمی لاہور میں منعقد ہوا، جس میں33 شریک ہوئے۔ صوبہ کے پی میں جامعة الفرقان پشاور میں مقابلے کا انعقاد ہوا، جس میں 61 شریک تھے اور صوبہ بلوچستان میں مقابلہ معہد الندوة الاسلامی کوئٹہ میں ہوا، جس میں 55شرکا تھے۔

اپنی نوعیت کے اس منفرد مقابلے میں صوبائی سطح پر پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن لینے والے شرکا کو حسب ترتیب 25، 20 اور 15 ہزار روپے نقد انعام کے ساتھ شیلڈز اور کتب تقسیم کی گئیں۔

ملک بھر کے اہل علم نے عربی کی ترویج کے لیے موسسہ کی ان کاوشوں کو خوب سراہا۔ جامعۃ الشیخ یحییٰ المدنی بہادر آباد کراچی کے اس ذیلی شعبے نے مختصر وقت میں عربی کی ترویج کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں۔

Related Posts