نوشہروفیروز: لاڑکانہ سے کراچی جانے والی کار اور ٹرالر کا تصادم، 6افراد جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

لاڑکانہ سے کراچی
(فوٹو: آن لائن)

سندھ کے ضلع نوشہرو فیورز میں لاڑکانہ سے کراچی جانے والی کار اور ٹرالر کے مابین تصادم کے نتیجے میں 6افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، حادثہ مبینہ طور پر تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ قومی شاہراہ پر پیش آیا جہاں ناگو شاہ ناکہ اسٹاپ کے قریب تیزرفتار کار اور ٹرالر تصادم کا شکار ہوئے۔ واقعے کے نتیجے میں سولنگی برادری سے تعلق رکھنے والے 6افراد جاں بحق ہوئے جو کار پر سوار ہو کر لاڑکانہ سے کراچی جارہے تھے۔

نوشہرو فیروز پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی میتیں نوشہرو فیروز ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی وجہ تیزرفتاری اور ڈرائیور کی غفلت تھی، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

گزشتہ روز بھی سندھ کے ضلع خیرپور میں مسافر کوچ اور ٹرک کا تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 11 مسافر جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے تھے۔ واقعہ قومی شاہراہ پر خیرپور کے علاقے ٹنڈو مستی کے نزدیک پیش آیا تھا۔ مسافر کوچ پنجاب سے کراچی جارہی تھی جبکہ حادثہ مبینہ طور پر اوورٹیکنگ کے دوران پیش آیا۔

مسافر کوچ اوور ٹیکنگ کے دوران سامنے سے آتے ہوئے ٹرک سے جا ٹکرائی۔ کوچ کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہونے کے باعث کوچ کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر بھی موقعے پر جاں بحق ہوگئے تھے۔

Related Posts