نواز شریف کا بجلی صارفین کو 14روپے فی یونٹ ریلیف دینے کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

نواز شریف

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے پنجاب کے بجلی صارفین کو 500 یونٹس تک 14روپے فی یونٹ ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نواز شریف نے وزیرا علیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مہنگائی اور زائد بجلی کے بلوں پر عوام کے کرب کا اندازہ ہے۔ ان سب کی ذمہ داری عمران خان حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ آئی ایم ایف کو واپس لانے والے ہم نہیں تھے۔

پریس کانفرنس کے دوران نواز شریف نے کہا کہ ہم نہیں، جیل میں بیٹھے ہوئے لوگ آئی ایم ایف کو واپس لائے۔ عمران خان نے خود کہا کہ ملک کو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں، آئی ایم ایف کو دوبارہ لانے والا کون تھا؟ مجھے معلوم ہے کہ مہنگائی کے باعث عوام کس کرب کا سامنا کر رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ مجھے اندازہ ہے کہ میرے زمانے میں بجلی کے بل کتنے تھے اور آج کتنے ہیں۔ میرا ذہن بار بار 2017 کی طرف جاتا ہے جب بلز کم تھے اور مہنگائی بھی کم تھی، آمدنی زیادہ اور اخراجات کم ہوا کرتے تھے۔ 2013 میں پاکستان ڈیفالٹ کی حالت میں تھا۔

نواز شریف نے کہا کہ ہم نے لوڈ شیڈنگ ختم کی، بجلی کے کارخانے لگائے، ریکارڈ عرصے میں سی پیک کے تحت بجلی گھر شروع کیے اور ریٹس میں اضافہ نہیں ہونے دیا۔ 2017 میں بجلی کا بل 1600روپے اور آج 18 ہزار روپے آرہا ہے، غریب کہاں سے بجلی کا بل دے گا؟

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے گرمی کے مہینوں اگست اور ستمبر میں فوری ریلیف کیلئے پیکیج دینے کا فیصلہ کیا۔ حکومت نے  500 یونٹس تک بجلی کے گھریلو صارفین کو فی یونٹ 14روپے ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نواز شریف کے اعلان کے بعد عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

Related Posts