ملک کے گنجان آباد ترین صوبہ پنجاب اور بلوچستان میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش آج اور کل ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز اور موسلا دھار بارش ہوئی جن میں گلبرگ، ڈیوس روڈ، چونگی امر سدھو، گڑھی شاہو، ہربنس پورہ، فتح گڑھ اور مال روڈ کے علاقے شامل ہیں۔ لاہور کے علاوہ کامونکی، جلال پور بھٹیاں اور وہاڑی میں بھی بارش ہوئی۔
واسا سمیت دیگر متعلقہ ادارے الرٹ کردئیے گئے۔ پنجاب کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ وسیع رقبے پر کھڑی فصلیں اور رابطہ سڑکیں تباہ ہوگئی ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش ہوگی۔ مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔
بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا ہے۔ مختلف مقامات پر اہم رابطہ سڑکیں بھی پانی میں ڈوب گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج اور کل گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








