اہل مدارس نے ہمیشہ اتحاد و یکجہتی سے دشمن کی چالوں کو ناکام بنایا، تربیتی کنونشن جہلم

تازہ ترین

تازہ ترین

اہل مدارس نے ہمیشہ اتحاد و یکجہتی سے دشمن کی چالوں کو ناکام بنایا، تربیتی کنونشن جہلم
اہل مدارس نے ہمیشہ اتحاد و یکجہتی سے دشمن کی چالوں کو ناکام بنایا، تربیتی کنونشن جہلم

جہلم: اہل مدارس نے ہمیشہ اتحاد و یکجہتی سے دشمن کی چالوں کو ناکام بنایا ہے۔ مدارس کی یکجہتی کو ہر قیمت پر برقرار رکھیں گے اور کسی کو اسلام کے قلعوں کی اجتماعیت میں رخنہ اندازی کی اجازت نہیں دیں گے۔ برصغیر ہی نہیں دنیا بھر میں پاکستان کے آزاد و خود مختار مدارس کا فیض ہے، دین کے ان سرچشموں کو ہر قسم کی بیرونی دست برد سے محفوظ رکھیں گے، مدارس اپنے داخلی نظام کو بہتر کریں۔

رجوع الی اللہ، اتباع سنت، اخلاص وللّٰہیت اور دیانت و امانت کا اہتمام کریں، حالات کے جبر یا مراعات کے لالچ میں اکابر کے طرز عمل سے انحراف سے گریز کریں، اہل مدارس اپنی ترجیحات کی روشنی میں مدارس کے نظام میں بہتری لائیں گے اور کسی کی ڈکیٹشن ہر گز قبول نہ کی جائے۔ شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، شیخ الحدیث حضرت مولانا انوار الحق اور مولانا قاری محمد حنیف جالندھری کی قیادت پر فخر ہے، وفاق المدارس کی نو منتخب قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار مولانا قاضی عبد الرشید ناظم وفاق المدارس پنجاب، مولانا مفتی محمد طیب خازن وفاق و مہتمم جامعہ امدادیہ فیصل آباد، مولانا قاری محمد ابوبکر صدیق امیر تحریک خدامِ اہلسنت والجماعت پنجاب، قاری خالقداد عثمان مہتمم جامعہ حسینیہ، مولانا عبد القدوس محمدی ترجمان وفاق المدارس، شیخ الحدیث حضرت مولانا قاری ظفر اقبال، میرپور کے مسؤل قاری عابد، ممتاز مذہبی شخصیت الحاج حاجی بوستان، اور دیگر نے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیرِ اہتمام جامعہ حنفیہ تعلیم الاسلام جہلم میں منعقدہ تربیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کنونشن میں جہلم، دینہ، سوہاوہ، ڈومیلی، پنڈ دادن خان، لِلّٰہ، ضلع میرپور آزاد کشمیر اور قرب وجوار کے علاقوں کے سینکڑوں علماء کرام، دینی مدارس کے منتظمین اور مساجد کے آئمہ وخطباء شریک ہوئے، کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اتحاد ویکجہتی دینی مدارس اور مذہبی طبقات کی سب سے بڑی قوت اور سب سے موثر ہتھیار ہیں اللہ رب العزت کی نصرت کے بعد اسباب کے درجے میں اسی یکجہتی کی بدولت دینی مدارس کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنایا اور آئندہ بھی دینی مدارس کو ہر قسم کی بیرونی دست برد سے ہر قیمت پر محفوظ رکھیں گے۔

مقررین نے کہا کہ اہل مدارس کا اتحاد اور وفاق المدارس دینی مدارس کے لیے ایک مضبوط حصار ہے  اور اس میں کسی کو رخنہ اندازی کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا قاضی عبد الرشید اور مولانا مفتی محمد طیب نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ رجوع الی اللہ کا اہتمام کریں، اتباع سنت، اخلاص و للّٰہیت اور دیانت و امانت کو اپنا شعار بنائیں اور یہ بات یاد رکھیں کہ مدراس کو کسی بیرونی دشمن سے کوئی خطرہ نہیں اندرونی خطرات سے خبردار رہنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس کے شرکاء نے شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کے صدر وفاق، شیخ الحدیث حضرت مولانا انوار الحق کے نائب صدر وفاق اور مولانا قاری محمد حنیف جالندھری کے ناظم اعلیٰ وفاق المدارس کے طور انتخاب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وفاق المدارس کی نومنتخب قیادت کو مبارکباد پیش کی اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی، شرکاء اجلاس نے مولانا قاری محمد ابوبکرصدیق اور جامعہ حنفیہ کی انتظامیہ کی طرف سے کنونشن کے شاندار انتظامات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں : انجمن اساتذہ نے نگران جامعہ اردو کو بحران کی وجہ قرار دے دیا

Related Posts