سعودی عرب میں وزارتِ حج و عمرہ نے رواں سال حج کے دوران عازمین کی سہولت کو بہتر بنانے کے لیے کئی نئی اور جدید سہولیات متعارف کروائی ہیں جن میں سب سے نمایاں قدم مصنوعی ذہانت اے آئی کا استعمال ہے۔ اس اقدام کے ذریعے عازمینِ حج کو اردو سمیت مجموعی طور پر 11 مختلف زبانوں میں مدد فراہم کی جا رہی ہے تاکہ رابطے میں آسانی پیدا ہو سکے۔
سرکاری رپورٹس کے مطابق حج کے سیزن میں ماضی میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بیرونی صحنوں میں عازمین کی رہنمائی کے لیے خصوصی کیبنز قائم کیے جاتے تھے جہاں اہلکار شکایات نوٹ کرکے ان کے حل کی کوشش کرتے تھے تاہم اب اس نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا گیا ہے۔
اس نئے نظام کے تحت وزارت نے ایک مرکزی یونیفائیڈ رابطہ نمبر 1966 متعارف کروایا ہے جو اردو سمیت 11 اہم زبانوں میں دستیاب ہے۔ اس نمبر کے ذریعے عازمین کسی بھی وقت براہ راست رابطہ کر کے اپنی مشکلات، شکایات یا مدد کی درخواست درج کروا سکتے ہیں۔
وزارت کے مطابق یہ شکایتی اور رہنمائی مرکز 24 گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن فعال رہتا ہے تاکہ کسی بھی وقت عازمین کو فوری مدد فراہم کی جا سکے اور انہیں انتظار کی زحمت نہ اٹھانی پڑے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اس مرکز میں اعلیٰ تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا گیا ہے جو عازمین کی بات کو سمجھ کر فوری طور پر متعلقہ محکموں یا ٹیموں تک مسئلہ پہنچاتا ہے جہاں موجود عملہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسائل حل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد زبان کی رکاوٹ کو ختم کرنا ہے جو پہلے عازمین کے لیے ایک بڑی مشکل تھی۔ اب اس جدید نظام کے ذریعے تمام حجاج کو زیادہ موثر، فوری اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ان کا حج کا سفر آسان اور پُرسکون بنایا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








