نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی ایک ماہ کیلئے مہنگی کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا، فیصلے کا اطلاق فروری کے بل پر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بجلی ایک ماہ کیلئے 28 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ دسمبر کی ماہانہ فیول ایدجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی درخواست پر کیا گیا۔
نیپرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق کے ای اور ڈسکوز کے صارفین پر ہوگا جبکہ نیپرا کی جانب سے یہ فیصلہ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی درخواست پر سماعت کے بعد سامنے آیا۔
سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اپنی درخواست میں نیپرا سے بجلی کی قیمت میں 48 پیسے فی یونٹ اضافے کا مطالبہ کیا تھا۔ نیپرا نے ریکارڈ اور دلائل کا جائزہ لیتے ہوئے 28 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی۔ فیصلے کا اطلاق رواں ماہ کے بجلی بلز پر ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








