ملائیشیا کی ریاست ترنگانو کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ بغیر شرعی عذر کے جمعے کی نماز نہ پڑھنے والے مردوں کو دو سال قید یا تین ہزار رنگٹ (تقریباً دو لاکھ پاکستانی روپے) جرمانے کی سزا دی جائے گی۔
رواں ہفتے ترنگانو کی اسلامی پارٹی (پی ایس اے) کے زیر انتظام اعلان کیا گیا کہ اگر کوئی شخص ایک بار بھی جمعے کی نماز چھوڑے گا تو اسے قابل سزا جرم سمجھا جائے گا۔ اس سزا کے تحت ملزم کو دو سال تک قید یا تین ہزار رنگٹ جرمانہ یا دونوں میں سے کوئی ایک سزا دی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اس ریاست میں تین بار جمعے کی نماز چھوڑنے والوں کے خلاف کارروائی کی جاتی تھی، ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ نماز نہ پڑھنے والوں کے خلاف عوامی شکایات یا گشت کے ذریعے کارروائی کی جائے گی۔
ترنگانو کی ریاستی ایگزیکٹو کونسل کے رکن محمد خلیل عبدالہادی نے کہا کہ سزا دینے سے پہلے لوگوں کو یاددہانی کرانا ضروری ہے کیونکہ جمعے کی نماز نہ صرف ایک مذہبی فریضہ ہے بلکہ یہ مسلمانوں کے درمیان اطاعت اور نظم کی علامت بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سزا صرف اس صورت میں دی جائے گی جب لوگوں کو جمعے کی نماز کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے اور پھر بھی وہ اسے ادا نہ کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








