پاک امریکہ تعلقات میں نئی پیش رفت! امریکی نائب معاون وزیر کا اہم دورہ مکمل

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

امریکی محکمہ خارجہ میں جنوبی و وسطی ایشیائی امور کے نائب معاون وزیر جان مارک پومر شائم کا پاکستان کا پانچ روزہ دورہ مکمل ہو گیا۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان جاری قریبی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کے استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ دورہ ایسے وقت میں انجام پایا جب پاکستان اور امریکہ مشترکہ معاشی ترقی اور قومی سلامتی کے مفادات پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وژن کے تحت امریکہ نئی شراکت داریاں قائم کرنے، جدت کو فروغ دینے اور سفارت کاری کے ایک نئے باب کی تشکیل کے لیے سرگرم عمل ہے۔

اپنے دورہ پاکستان کے دوران جان مارک پومر شائم نے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز میجر جنرل کاشف عبداللہ، ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی جنس میجر جنرل واجد عزیز خان، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن شزا خواجہ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے کاروباری شخصیات اور امریکی تبادلہ پروگراموں کے سابق شرکاء کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا۔

اسلام آباد میں نائب معاون وزیر خارجہ انڈس آرٹیفیشل ویک کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے پاکستان کے آئی ٹی اور ڈیجیٹل شعبے میں شراکت داری کی توسیع کے ضمن میں امریکی مفادات کی حمایت کی اور امریکہ کی کمپنیوں کو کاروبار کے لیے مساوی مسابقتی ماحول کی فراہمی کی وکالت کی کا اظہار کیا ۔ پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں پومر شائم کی بات چیت کا محور پاک-امریکہ شراکت داری اوردوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینا رہا۔ ان ملاقاتوں میں اختراع، مصنوعی ذہانت، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، توانائی، نایاب معدنیات اور کان کُنی کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت کو خصوصی طور پر زور دیا گیا۔

نائب معاون وزیر خارجہ پومر شائم نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت جاری پاکستان کی معاشی اصلاحات کو سراہتے ہوئے قابلِ پیش گوئی اور شفاف سرمایہ کاری کا ماحول یقینی بنانے کیلئے جاری کوششوں کی حوصلہ افزائی کی۔ انھوں نے نجی شعبے کی قیادت میں معاشی ترقی کو مہمیز دینے کی غرض سے اصلاحات کے نفاذ کیلئے پاکستان کی کوششوں کا بھی خیر مقدم کیا۔

متذکرہ بالا سرکاری ملاقاتوں کے علاوہ،نائب معاون وزیرِ خارجہ پومر شائم نے لاہور میں منعقدہ بسنت میلے میں بھی شرکت کی اور پاکستان کے شاہکار قومی ورثے اور پاکستانیوں کے جوش و خروش سے لطف اندوز ہوئے۔ انہوں نے پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب سے ملاقات کی اور صوبےمیں امریکی تجارتی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور امریکہ میں پاکستانی سرمایہ کاری بڑھانے جیسی مشترکہ ترجیحات پر تبالہ خیال کیا۔ انہوں نے یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اِن پاکستان کی نئی عمارت کا بھی دورہ کیا جہاں وہ امریکی تبادلہ پروگراموں کے سابق طالبعلموں سے ملے۔

Related Posts