چائنا پورٹ کیس میں نیا موڑ؛ پولیس نے 17 دن بعد ثناء کو میت کو دفنانے کی اجازت دے دی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی کے ساحلی علاقے کلفٹن چائنا پورٹ سے ملنے والی نوبیاہتا جوڑے کی پراسرار اموات کا معاملہ ایک اور موڑ پر پہنچ گیا۔ لاش ملنے کے 17 روز بعد بالآخر پولیس نے مقتول ساجد کے اہلِ خانہ کو اس کی اہلیہ ثنا کی تدفین کی اجازت دے دی۔

ساجد کی ماں جو اپنے بیٹے اور بہو کے غم میں ٹوٹ چکی ہیں آنکھوں میں آنسو اور لہجے میں احتجاج لیے میڈیا سے مخاطب ہوئیں کہ ہمیں انصاف چاہیے ہمارا بیٹا اور بہو بےگناہ تھے ان کے قاتلوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔

غم زدہ ماں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ اپنی بہو ثناء کو اسلامی طریقے سے عزت کے ساتھ سپردِ خاک کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اب تک دو افراد کو گرفتار کر چکی ہے لیکن اس اندوہناک کیس میں شامل تمام ملزمان کی گرفتاری ضروری ہے۔

پولیس سے اجازت ملنے کے بعد ساجد کے ورثا چھیپا سرد خانے پہنچے جہاں ثنا کی میت ان کے حوالے کی گئی۔ وہاں موجود ہر آنکھ اشکبار تھی اور فضا میں بس ایک ہی سوال گونج رہا تھا کہ کیا محبت کرنے والوں کو اس بےرحمی سے مار دینا ہی ہماری تقدیر بن چکی ہے؟

Related Posts