ندا ڈار ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی بولر بن گئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

لاہور: قومی ویمن ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی بولر بن گئیں۔

قومی ٹیم کی کھلاڑی ندا ڈار نے یہ اعزاز اتوار کو آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو وکٹیں حاصل کرکے اپنے نام کیا۔

36 سالہ آل راؤنڈر نے 129 ٹی20 میچز کھیل کر 125 وکٹیں حاصل کر لی ہیں جس کے بعد وہ ویسٹ انڈیز کی بولر انیسہ محمد کے ساتھ ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی مشترکہ بولر بن گئی ہیں۔

ندا ڈار جنوبی افریقہ میں جاری ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں اب تک تین میچز کھیل کر چار وکٹیں حاصل کرچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

پاکستان نے انٹرنیشنل کک باکسنگ ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی

ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ندا ڈار اور انیسہ محمد کے ساتھ آسٹریلیا کی میگن شوٹ اور ایلیس پیری 122، 122 وکٹیں حاصل کر کے تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔

صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی ندا ڈار گزشتہ 13 برسوں سے پاکستان ویمنز ٹیم کا مستقل حصہ ہیں۔

انہوں نے ستمبر 2010 میں ویسٹ انڈیز میں سری لنکا کے خلاف اپنا ٹی20 ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد وہ 129 ٹی 20 مقابلوں میں 125 وکٹیں اور 1676 رنز بنا چکی ہیں۔

ندا ڈار ٹی 20 میچز میں پاکستان کی جانب سے تیز ترین 100 وکٹیں لینے والی بھی پہلی کھلاڑی تھیں۔

’لیڈی بوم بوم‘ کے نام سے مشہور ندا ڈار نے 2021 میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی جیتا تھا۔

اسی طرح انہوں نے رواں سال آئی سی سی ویمنز ٹی20 ٹیم آف دی ایئر میں بھی جگہ بنائی تھی۔ گزشتہ سال انہوں نے مختصر فارمیٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 کی اوسط سے 15 وکٹیں حاصل کیں۔

Related Posts