اسلام آباد: حکومت پاکستان نے بوسنیا کے صدر شفیق جعفرووچ کوملک کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشانِ پاکستان سے نوازدیاہے۔
ایوان صدر میں منعقدہ تقریب کے دوران صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور بوسنیا کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے انہیں یہ ایوارڈ دیا۔
بعد ازاں بوسنین ہم منصب سے ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ شفیق جعفرووچ پاکستان اور بوسنیا کے مابین خیر سگالی کو باہمی تعاون میں تبدیل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دورہ دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم اور گہرا بنائے گا۔
دونوں رہنماؤں نے متعدد شعبوں میں باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا جس میں سیاسی ، معاشی ، ثقافتی ، دفاع اور عوام سے عوام کے رابطے شامل ہیں۔
صدر عارف علوی نے ان کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کا متشدد رویہ علاقائی امن اور سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔