راولپنڈی:پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ اگر مذاکرات ہوں تو صرف پاکستان اور افغان عبوری حکومت کے مابین ہوں گے۔کسی بھی دہشت گرد گروہ یا جتھے سے بات چیت نہیں کی جائے گی۔ اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے۔ جنہوں نے اس دین کو دہشتگردی کی بھینٹ چڑھایا، انکو جواب دینا ہو گا،افغان مہاجرین کو پاکستان میں پاکستان کے قوانین کے مطابق رہنا ہو گا۔ آرمی چیف پشاور میں تاریخی گرینڈ جرگہ سے خطاب کررہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سپہ سالار کا کہنا تھا کہ فوج اور سیکورٹی کے تمام ادارے اور پاکستان کی عوام ایک ہیں۔جو لوگ امن کو برباد کرنا چاہتے ہیں وہ ہم میں سے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج شہداء کی فوج ہے جس کا نعرہ ہے“ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ”۔ ہم آپ میں سے ہیں اور آپ ہم میں سے ہیں۔پاکستان کلمے کی بنیاد پر بننے والی دوسری ریاست ہے۔
آرمی چیف نے افغان حکومت کو مخاطب کرتے ہو ئے کہا کہ کیا احسان کا بدلہ احسان کے علاوہ کچھ اور بھی ہو سکتا ہے؟انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں حاکمیت صرف اللہ کی ہے۔ یہ خوارج کون سی شریعت لانا چاہتے ہیں؟
سپہ سالار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر فوج دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خون کے آخری قطرے تک لڑے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے پاس ریاست کے سامنے سر تسلیم کرنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں۔
آرمی نے کہا کہ ہم اللہ کے راستے میں جہاد کر رہے ہیں اور کامیابی ہماری ہی ہو گی انشااللہ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا مقصد اور نصب العین شہید یا غازی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی پولیس ایک شاندار فورس ہے اور اسکی بے پناہ قربانیاں ہیں۔
حکومتِ پاکستان کی منظوری کے بعد قبائل کے انضمام کے مسائل کے حل کیلئے ایک سیکرٹریٹ قائم کیا جائے گا۔ ہم ضم شدہ قبائلی عوام کی معاشی ترقی کے حوالے سے ترقیاتی منصوبوں میں ان کی شرکت کو یقینی بنائیں گے۔
سپہ سالار کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر نئے ضم شدہ اضلاع میں 81 ارب روپے کی مالیت کے ترقیاتی اور فلاح وبہبود کے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔
مزید پڑھیں:سی پیک میں چینی سرمایہ کاری قابل تعریف ہے،وزیراعظم شہباز شریف
خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر نئے ضم شدہ اضلاع میں پولیس کے 43 منصوبوں کو سات ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا اور 54 زیر تعمیر منصوبوں کے جلد مکمل ہونے میں تمام تر مدد فراہم کی جائے گی۔قبائلی مشران نے کہا کہ قبائلی عوام فوج کے ساتھ تھی اور ساتھ رہے گی۔آخر میں قبائلی مشران نے ملکی ترقی و خوشحالی سمیت امن کیلئے خصوصی دعا کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








