شمالی وزیرستان: سرحد پار سے فائر کیا گیا مارٹر گولا پھٹنے سے 1 بچہ جاں بحق، 4 زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

شمالی وزیرستان
(فوٹو: روزنامہ پاکستان)

شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے مبینہ طور پر افغان رجیم کے ایما پر فائر کیے گئے مارٹر گولا پھڑنے کے نتیجے میں 1 بچہ جاں بحق جبکہ 4دیگر بچے زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صوبہ خوست کی جانب سے آنے والا مارٹر گولا میڈیا رپورٹس کے مطابق غلام خان بارڈر کے علاقے گل لک خیل گاؤں میں ایک شہری کے گھر پر آگرا جس کے نتیجے میں گھر پر موجود بچوں میں سے ایک موقعے پر جاں بحق ہوگیا۔

مارٹر گولہ گرنے کے نتیجے میں 4 دیگر بچے زخمی ہوگئے جن کی عمریں 6 سے 12 سال کے درمیان ہیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے میران شاہ ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی طبی دیکھ بھال جاری ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ کچھ روز سے پاک فوج کا افغانستان میں مقیم طالبان رجیم کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن غضب للحق جاری ہے، اسی دوران سرحدی علاقوں سے افغان رجیم کی بلا اشتعال فائرنگ کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔

اسی طرح سرحد پار سے بلااشتعال فائرنگ کے واقعات پاک بھارت سرحد پر بھی پیش آتے رہے ہیں جبکہ حکام کا ماننا ہے کہ افغانستان کی جانب سے بھی بلا اشتعال فائرنگ کے پیچھے بھارتی حمایت یافتہ خوارج اور طالبان رجیم کی سرپرستی شامل ہے۔

 

Related Posts