اب پنجاب بھر کی جیلوں میں ملاقات کی سہولت گھر بیٹھے حاصل کی جا سکتی ہے!
محکمہ داخلہ پنجاب کے اجلاس میں چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان نے بتایا کہ قیدیوں سے ملاقات کے لیے اب آن لائن بکنگ ممکن ہے۔ مختصر وقت میں 1200 افراد نے اس جدید سہولت سے فائدہ اٹھایا ہے۔
اجلاس میں جوڈیشل کمپلیکس لاہور اور ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کی تعمیر کے بارے میں پیش رفت بھی زیرِ غور آئی۔ مزید یہ کہ جیل انڈسٹریز میں قیدیوں کی تیار کردہ مصنوعات کی فروخت کا جدید نظام متعارف کرایا گیا ہے، جہاں مصنوعات پریزن ویب سائٹ اور دراز پر دستیاب ہیں اور قیدیوں کو ان کی محنت کا شفاف معاوضہ فراہم کیا جاتا ہے۔
رانا منان خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب جیل ریفارمز کے تحت قیدیوں اور جیل اسٹاف کی فلاح کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ جیل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ صبح 10 سے 11 بجے کھلی کچہری لگائیں تاکہ قیدیوں کے لواحقین کی شکایات فوری حل کی جا سکیں۔
ٹاسک فورس نے یہ بھی بتایا کہ بہتر ماحول اور تربیت کی فراہمی کے ذریعے مجرمان کی اصلاح پر کام جاری ہے، اور وارڈرز و لیڈی وارڈرز کو ہوم ڈسٹرکٹس میں تعینات کرنے کی پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








