مشکل وقت کے بعد اب قوم کو ریلیف دینے کا وقت آگیا ہے، پیٹرول آج ہی سستا کریں گے، مفتاح اسماعیل

تازہ ترین

تازہ ترین

مشکل وقت کے بعد اب قوم کو ریلیف دینے کا وقت آگیا ہے، پیٹرول آج ہی سستا کریں گے، مفتاح اسماعیل
مشکل وقت کے بعد اب قوم کو ریلیف دینے کا وقت آگیا ہے، پیٹرول آج ہی سستا کریں گے، مفتاح اسماعیل

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ مشکل وقت کے بعد اب قوم کو ریلیف دینے کا وقت آگیا ہے اس لئے پیٹرول آج ہی سستا کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پیٹرول سستا کرنے کے لیے 15 جولائی کا انتظار نہیں کیا جائے گا، پیٹرولیم مصنوعات آج ہی سستی ہوں گی، وزیراعظم عوام کو فوری ریلیف دینا چاہتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پیٹرول سستا کرنے کی سمری موصول ہوگئی ہے، اس حوالے سے آئی ایم ایف کو اعتراض نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا 18 جولائی کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان

وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قوم مشکل فیصلوں میں شہباز شریف کے ساتھ کھڑی رہی، قوموں پر مشکل وقت آتے ہیں اور پاکستانی قوم کرائسزکو سمجھتی ہے، مشکل وقت کے بعد اب قوم کو ریلیف دینے کا وقت آگیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے بعد آئی ایم ایف پاکستان کو 1 ارب 17 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔

آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ای ایف ایف کے تحت ساتویں اور آٹھویں جائزے کے معاملات طے پاگئے ہیں، تاہم آئی ایم ایف بورڈ معاہدے کی حتمی منظوری دے گا۔

آئی ایم ایف اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو طلب و رسد پر مبنی ایکسچینج ریٹ کا تسلسل برقرار رکھنا ہو گا، اس کے ساتھ مستعد مانیٹری پالیسی اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا ہو گی۔

اعلامیے کے مطابق عالمی مہنگائی اور اہم فیصلوں میں تاخیر سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کم ہوئے، زائد طلب کے سبب معیشت اتنی تیز تر ہوئی کہ بیرونی ادائیگیوں میں بڑا خسارہ ہوا۔

آئی ایم ایف کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کو 1 ارب 17 کروڑ ڈالر دستیاب ہوں گے تاہم پاکستان کو حالیہ بجٹ پر سختی سے عمل کرنا ہو گا، صوبوں نے بجٹ خسارے کو محدود رکھنے کیلیے یقین دہانی کرائی ہے۔

آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق ایکسپورٹ ری فنانس اسکیمیں شرح سود سے منسلک رہیں گی، کرپشن کنٹرول کرنے کے لیے پاکستان میں الیکٹرانک طور پر اثاثے ظاہر کرنے پر کام ہو  رہا ہے، حکومت پاکستان نیب سمیت اینٹی کرپشن اداروں کی اثر انگیزی بہتر کرنے کے لیے کام کرے گی۔

Related Posts