اب پاسپورٹ میں کوئی جعلسازی کرکے دکھائے، حکومت کے کیا قدم اٹھا رہی ہے، جانئے

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستانی پاسپورٹ، فائل فوٹو

وفاقی حکومت نے پاسپورٹ میں جعلسازی کی روک تھام کیلئے اہم قدم اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاسپورٹ میں جعلسازی کی روک تھام کیلیے نئے سکیورٹی فیچرز متعارف کروائے جائیں گے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے یہ بات بیجنگ پبلک سکیورٹی پاسپورٹ بیورو کے دورے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے بتائی، ڈائریکٹر جنرل ِSUN YU نے آمد پر ان کا استقبال کیا۔

محسن نقوی نے بیورو کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور چین کے پاسپورٹ اور امیگریشن پالیسی اور درخواست سے طباعت تک پاسپورٹ کے اجراء کے تمام مراحل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر داخلہ نے چین کے امیگریشن نظام کی افادیت اور مؤثر طریقہ کار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے بھی پاسپورٹ اور امیگریشن کا ایک تیز رفتار اور جامع نظام تیار کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بیجنگ ماڈل کی طرز پر پاکستان بھی امیگریشن کا جدید نظام وضع کر رہا ہے۔

سال 2025 کے اختتام پر ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس اینڈ امیگریشن کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کی گئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر ڈی جی پاسپورٹس کی قیادت میں سال 2025 کو انقلابی اقدامات کا سال قرار دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق جدید پرنٹرز کی تنصیب کے باعث پاسپورٹس کے طویل عرصے سے موجود بیک لاگ کا مستقل طور پر خاتمہ ممکن بنایا گیا۔

محکمہ پاسپورٹ کے مطابق 2025 میں مجموعی طور 55 لاکھ 72 ہزار 13 پاسپورٹ جاری کیے گئے، ایک سال میں اتنی بڑی تعداد میں پاسپورٹ اجرا تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق نارمل کیٹیگری کے 32 لاکھ 75 ہزار 263 جبکہ ارجنٹ کیٹیگری کے 18 لاکھ 39 ہزار 487 پاسپورٹ جاری ہوئے، فاسٹ ٹریک کیٹیگری میں 2 لاکھ 76 ہزار 789 پاسپورٹ کا اجرا کیا گیا۔

Related Posts