کراچی کے نمائش چورنگی کے علاقے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی جانب سے پولیس پر حملے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد کارکنوں کو حراست میں لینا شروع کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرن فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پی ٹی آئی کے مشتعل مظاہرین نے پولیس موبائل کو روک کر اس پر پتھراؤ کیا جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کا استعمال کیا۔
پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ حراست میں لیے گئے کچھ پی ٹی آئی کارکنان کے قبضے سے ٹیر گیس کے شیل بھی برآمد ہوئے ہیں۔ اب تک تقریباً 30 کارکنان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ ایک پولیس اہلکار مظاہرین کے حملے کے دوران زخمی ہوا۔
پی ٹی آئی کراچی کے ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی جلد ہی مزارِ قائد پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے جلسے سے قبل مزارِ قائد اور اس کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ پیپلز چورنگی سے مزارِ قائد آنے والے راستے کا ایک ٹریک اور خداداد کالونی سے آنے والی سڑک کے دونوں ٹریکز بند کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ گرومندر سے نمائش سگنل تک جانے والی سڑک بھی بند ہے تاکہ جلسے کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








