کراچی: سندھ حکومت نے شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سرکاری گاڑیوں کے خلاف ای چالان جاری کرنے کی باضابطہ اجازت دے دی ہے جس کا مقصد ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرانا ہے۔
اس سلسلے میں سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈی نیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جو سیکشن آفیسر سی ٹی عقیل حسین کے دستخط سے جاری ہوا۔

حکم نامے کے مطابق اگر کوئی سرکاری گاڑی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرے گی تو اس پر ای چالان جاری کیا جائے گا اور اس کا جرمانہ متعلقہ افسر یا ملازم اپنی جیب سے ادا کرے گا۔ یہ کارروائی ٹریفک آرڈیننس 1956 کی دفعہ 116A کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔
یہ حکم سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین انکوائری اینٹی کرپشن، چیئرمین ڈیولپمنٹ اینڈ پلاننگ، چیئرمین چیف منسٹر انسپکشن ٹیم، چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن اور چیئرمین سندھ سروس ٹریبونل کو جاری کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ صوبے کے تمام محکموں کے سیکریٹریز اور تمام ڈویژنل کمشنرز کو بھی الگ سے مراسلہ بھیجا گیا ہے۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی جن خلاف ورزیوں پر ای چالان جاری ہوگا، ان میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنا، رنگین شیشے لگانا، سرخ بتی توڑ کر گزرنا اور گاڑی چلاتے ہوئے موبائل فون کا استعمال شامل ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سرکاری افسران کو بھی ٹریفک قوانین کے دائرے میں لانے کے لیے ضروری تھا تاکہ قانون سب کے لیے برابر رہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








