عمان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ آرڈر آف عمان سے نواز دیا ہے۔ یہ اعزاز انہیں عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے دیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سرکاری دورے پر عمان پہنچے ہیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ عمان میں ان کا استقبال تاریخی رہا جبکہ وزیراعظم نریندر مودی شاہِ عمان کی مہمان نوازے سے بہت خوش اور متأثر نظر آئے۔
نریندر مودی کے دورے کو بے حد کامیاب اور تاریخی قرار دیتے ہوئے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جمعرات کو عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ آرڈر آف عمان سے نوازا جو اس سے قبل برطانوی ملکہ الزبتھ دوم اور نیلسن منڈیلا جیسی شخصیات کو عطا کیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ایوارڈ نریندر مودی کو مسقط کے البرکا پیلس میں دیا گیا جو بھارت اور عمان کے مابین 70سالہ تعلقات میں نئی بلندی کا عکاس ہے جبکہ نریندر مودی نے یہ اعزاز دل کی گہرائیوں سے اور بھارت کے عوام کی جانب سے قبول کیا۔
عموماً عمان کی حکومت یہ اعزاز ان غیر ملکی بادشاہوں، صدور یا وزرائے اعظم کو عطا کرتی ہے جنہوں نے عمان سے دوستی میں اہم کردار ادا کیا ہو اور نریندر مودی سمیت کسی بھی رہنما کیلئے عمان کا یہ اعزاز پانا بہت فخر کی بات سمجھی جاتی ہے۔ ایوارڈ کے بانی عمان کے مشہور سلطان قابوس بن سعید تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








