عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 70کروڑ ڈالرز فنانسنگ کی منظوری دے دی

تازہ ترین

تازہ ترین

عالمی بینک
(فوٹو: آن لائن)

عالمی بینک نے پاکستان پبلک ریسورسز فار انکلوسیو ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پاکستان کیلئے 70 کروڑ ڈالرز کی فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان پبلک ریسورسز فار انکلوسیو ڈویلپمنٹ پروگرام میکرو اکنامک استحکام اور عوامی خدمات میں بہتری لانے کیلئے ہے۔ پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 1.35ارب ڈالرز تک فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔

ورلڈ بینک حکام کا کہنا ہے کہ بینک نے 60کروڑ ڈالرز وفاق اور 10کروڑ ڈالرز سندھ کیلئے منظور کیے۔ فنڈز کی فراہمی اصلاحاتی اہداف کے حصول سے مشروط ہوگی۔ منصوبہ ٹیکس نظام میں بہتری اور شفاف مالی نظم و نسق پر مرکوز ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ڈیٹا اور مالیاتی نظام کو بہتر بنا کر خدمات کی بہتر فراہمی ہدف ہے۔عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کیلئے قرض کی منظوری ملکی معیشت کو استحکام کی جانب لے جانے کیلئے ایک مثبت پیشرفت قرار دی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ بھارت کو عالمی سطح پر ایک بار پھر ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ عالمی بینک نے پاکستان میں ریکوڈک منصوبے کیلئے قرض کی منظوری دی ہے۔

جون کے دوران سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس ہوا جس دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جب آئی ایم ایف بورڈ اجلاس ہورہا تھا اس وقت بھارت نے منظوری روکنےکی کوشش کی،  کل عالمی بینک کےایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس تھا بھارت نےاسےبھی روکنےکی کوشش کی تھی۔

Related Posts