معروف پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت علی شیخانی نے سندھ کے علاقے میرپور ماتھیلو میں قتل کیے گئے نڈر صحافی نصر اللہ گڈانی کے لواحقین کیلئے ایک کروڑ روپے کا فراخدلانہ عطیہ دیا ہے۔
صوبہ سندھ کے بے باک صحافی نصراللہ گڈانی کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا تھا، وہ 25 مئی کو کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ انہیں زخمی حالت میں پنجاب کے شہر رحیم یار خان کے ایک ہسپتال میں طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے کراچی لایا گیا تھا۔ ان کے قتل کے اندوہناک واقعے نے بڑے پیمانے پر غم و غصے کو جنم دیا اور صوبے کے مختلف شہروں اور قصبوں میں صحافی برادری کی طرف سے اس واقعے پر شدید احتجاج کیا گیا۔
علی شیخانی کی نمائندگی کرتے ہوئے جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس نے ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد علی اور سینئر صحافی وقار لغاری کے ہمراہ غمزدہ خاندان کو 10 ملین روپے کا چیک پیش کیا۔ اس رقم میں سے 10 لاکھ روپے مقتول صحافی کی والدہ کے لیے جبکہ بقیہ 90 لاکھ روپے مقتول کی بیوہ کو دیے گئے۔
علاوہ ازیں جے ڈی سی کی جانب سے مقتول کے لواحقین کو 600,000 روپے کا عطیہ دیا گیا اور شہید صحافی کے چھ بچوں کو لیپ ٹاپ بھی دیے گئے۔
اس سے قبل علی شیخانی نے حیدر آباد میں گیس سلنڈر دھماکے کے المناک واقعات اور آتشزدگی کے متاثرین کے لیے فی خاندان 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








