ایک شکست مگر جنگ ابھی باقی ہے؛ جانیے پاک بھارت ٹاکرا دوبارہ کب ہوگا

تازہ ترین

تازہ ترین

ONLINE

ایشیا کپ 2025 کے جاری ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بھارت نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر گروپ اسٹیج کے سب سے بڑے مقابلے میں میدان مار لیا۔ یہ میچ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا جہاں بھارتی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان ایک اور یادگار باب رقم ہو گیا تاہم شائقین کو اگلے ہائی وولٹیج مقابلے کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان اگلا مقابلہ اتوار 21 ستمبر کو ہوسکتا ہے جو سپر فور مرحلے کا پہلا میچ ہوگا۔ یہ مقابلہ بھی یو اے ای میں ہی کھیلا جائے گا البتہ اس کا انحصار دونوں ٹیموں کے سپر فور میں رسائی پر ہے — جو کہ موجودہ پوائنٹس ٹیبل کو دیکھتے ہوئے ایک ممکنہ اور متوقع صورتحال ہے۔

اس کے بعد پاکستان اور بھارت کو سپر فور میں باقی دو ٹیموں، جن کا انتخاب سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش میں سے ہوگا، سے بھی مقابلہ کرنا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے لیے اصل امتحان گروپ اسٹیج کے بعد شروع ہوگا۔ بعض ماہرین اس ابتدائی مرحلے کو ٹیم پاکستان کے لیے ہنی مون پیریڈ قرار دے رہے ہیں جو بدھ تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد قومی ٹیم کو ٹیسٹ کھیلنے والی مضبوط ٹیموں کے خلاف میچز جیتنے ہوں گے تاکہ فائنل میں رسائی ممکن ہو سکے جو حالیہ فارم اور حریفوں کی طاقت کو دیکھتے ہوئے ایک مشکل مرحلہ ہوگا۔

ایشیا کپ 2025 اس بار ہائبرڈ ماڈل میں منعقد ہو رہا ہے جس کے تمام میچز یو اے ای میں کھیلے جا رہے ہیں اور کیونکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی قریب ہے اس لیے یہ ٹورنامنٹ تمام ٹیموں کے لیے اپنی تیاریوں کو جانچنے کا اہم موقع بن گیا ہے۔

اگر پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں سپر فور مرحلے میں دوبارہ آمنے سامنے آئیں تو یہ مقابلہ نہ صرف میدان میں بلکہ دنیا بھر میں شائقین کی بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کرے گا۔

Related Posts