کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح ہلکی بوندا باندی نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے جبکہ شہر میں تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور آسمان ابر آلود ہے جس کے باعث شہر کا درجہ حرارت نسبتاً معتدل محسوس ہو رہا ہے۔ شہریوں نے موسم کی اس خوشگوار تبدیلی کو سراہا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان موجود ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب بھی بڑھا ہوا ہے جس کے باعث موسم مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ صرف چند روز قبل 7 ستمبر 2025 کو کراچی کو شدید موسمی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا جب شہر میں طوفانی بارش ہوئی۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی اس موسلا دھار بارش نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کیا، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، اور متعدد علاقوں میں پانی کئی فٹ تک جمع ہو گیا۔
سب سے تشویشناک صورتحال اُس وقت پیدا ہوئی جب شاہراہ بھٹو کا ایک بڑا حصہ بارش کے پانی کے شدید دباؤ کے باعث زمین میں دھنس گیا اور بہہ گیا۔ یہ شاہراہ کراچی کے مرکزی راستوں میں شمار ہوتی ہے اور اس کی تباہی نے نہ صرف ٹریفک کی روانی کو مفلوج کیا بلکہ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








