صدر مملکت آصف زرداری نے عمران خان کا نام نہ لیتے ہوئے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بیوقوف آدمی نے ساری دنیا سے تعلقات خراب کردیے تھے۔
سابق وزیراعظم پاکستان بینظیر بھٹو کی برسی پر گڑھی خدا بخش میں جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر مملکت آصف زرداری، بلاول بھٹو، آصفہ بھٹو، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
آصف زرداری نے کہاکہ ماضی ایک حکومت میں معیشت کو تباہ کیا گیا، لیکن اب ہم نہ صرف بیرونی دنیا کے ساتھ تعلقات بہتر کررہے ہیں بلکہ معیشت کو بھی بہتری کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔
انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کو آگے لے جانے کے لیے ہمارے ساتھ ہیں اور آج ٹرمپ بھی فیلڈ مارشل کی تعریف کرتا ہے۔
بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ہم نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک کو بچایا۔ ہم نے فوج کا ایسا چیف بنایا جس نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، جس کے بعد مودی کو سمجھ آگئی کہ کہ جنگ کوئی کھیل نہیں ہے۔
بھارت کو للکارتے ہوئے صدر نے کہا کہ بھارت خود کو ہم سے 10 گنا بڑا ملک کہتا ہے لیکن لڑنے کے لیے دل گردہ بھی تو چاہیے، ہم چاہتے تو بھارت کے سارے جہاز گرا سکتے تھے۔
آصف زرداری نے کہاکہ ملٹری سیکریٹری نے جنگ سے قبل مجھے آکر کہاکہ بنکر میں چلیں تو میں نے کہاکہ لیڈر کبھی بنکروں میں نہیں مرتے۔دھرتی ماں کو جب بھی ضرورت پڑی، ہم تن، من، دھن لگانے سے گریز نہیں کریں گے۔ہم جنگ کے شوقین نہیں ہیں، لیکن جو بھی ہماری دھرتی کی طرف دیکھے گا اسے ہماری فوج ناکوں چنے چبوانے کے لیے تیار ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








