عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی جب قربانی کے جانوروں کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے دبئی پولیس نے شہریوں کو آن لائن فراڈ اور جعلی آفرز سے خبردار کر دیا ہے خصوصاً وہ پیشکشیں جو غیر معمولی سستے داموں قربانی کے جانور فراہم کرنے کا دعویٰ کرتی ہیں۔
دبئی پولیس کی جانب سے جاری آگاہی مہم میں بتایا گیا ہے کہ کچھ جعلساز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور میسجنگ ایپس کے ذریعے فرضی اشتہارات چلا رہے ہیں، جن کا مقصد ان افراد کو نشانہ بنانا ہے جو عید کے موقع پر کم قیمت میں جانور خریدنے کی کوشش کرتے ہیں۔
حکام کے مطابق بظاہر یہ آفرز بہت پرکشش اور قابلِ اعتماد لگتی ہیں تاہم درحقیقت یہ منظم طریقے سے تیار کیے گئے فراڈ ہوتے ہیں جن کا مقصد صارفین سے رقم ہتھیانا ہوتا ہے۔
پولیس نے خبردار کیا کہ بعض سودے اتنے پرکشش دکھائے جاتے ہیں کہ انہیں نظر انداز کرنا مشکل ہوتا ہے، مگر یہی آفرز اکثر دھوکے پر مبنی ہوتی ہیں۔
دبئی پولیس کے مطابق جعلساز عید کے دوران خریداری میں اضافے اور آن لائن اشتہارات کی بھرمار کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آن لائن قربانی کے جانور خریدنے سے پہلے احتیاطی تدابیر پر لازمی عمل کریں جن میں بیچنے والے کی تصدیق کرنا اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال شامل ہے۔
اس کے علاوہ انتہائی کم قیمت یا غیر حقیقی ڈسکاؤنٹس والی آفرز سے گریز کرنے، صرف مستند اور منظور شدہ سپلائرز سے خریداری کرنے، اور کسی بھی صورت میں ذاتی بینک اکاؤنٹس میں رقم منتقل نہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
مہم میں مزید کہا گیا ہے کہ محفوظ ادائیگی کے طریقے اپنائے جائیں اور صرف قابلِ اعتماد اور معروف پلیٹ فارمز کے ذریعے ہی لین دین کیا جائے۔
دبئی پولیس نے شہریوں کو یاد دہانی کروائی کہ عیدالاضحیٰ کی تیاریوں کے دوران آگاہی اور احتیاط ہی آن لائن فراڈ سے بچاؤ کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔
اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ ہمیشہ ہوشیار رہیں کیونکہ آپ کی آگاہی ہی آپ کا پہلا دفاعی حصار ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








