کراچی: آن لائن رکشہ ڈرائیور کی دو خواتین کو جان سے مارنے کی کوشش، کمپنی نے پرومو کوڈ دیکر ٹال دیا، شہری برہم، بائیکاٹ کا عندیہ

تازہ ترین

تازہ ترین

Online rickshaw driver attempts to kill two women in Karachi

کراچی: شہر قائد میں آن لائن رائیڈ سروسز شہریوں کے لیے سہولت کے ساتھ ساتھ خطرہ بھی بننے لگیں،گلستانِ جوہر میں ایک رکشہ ڈرائیور نے دو خواتین پر حملہ کرتے ہوئے انہیں جان سے مارنے کی کوشش کی۔

کمپنی نے متاثرہ خواتین کو صرف پرومو کوڈ دے کر معاملہ رفع دفع کرنے کی کوشش کی جس پر شہری برہم ہو گئے اور بائیکاٹ کا عندیہ دیا ہے۔

متاثرہ خواتین کے مطابق وہ گلستانِ جوہر میں اسکول سے گھر جانے کے لیے یانگو کمپنی کارکشہ (نمبر 09497ڈی 18)استعمال کر رہی تھیں۔ دورانِ سفر جب انہوں نے ڈرائیور کو راستہ تبدیل کرنے کا کہا تو ڈرائیور نے بدتمیزی شروع کر دی۔

خواتین کے احتجاج پر ڈرائیور نے انہیں رکشہ سے اتار دیا اور غصے میں رکشہ ان پر چڑھانے کی کوشش کی۔ خواتین فوری طور پر ایک جانب ہٹ کر جان بچانے میں کامیاب تو ہو گئیں لیکن معمولی زخمی ہوئیں۔

خواتین کی جانب سے کمپنی کو شکایت درج کروانے پر یانگو نے افسوس کا اظہار کیا لیکن واقعے میں ملوث ڈرائیور راشد محمد کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے بجائے صرف متاثرہ خواتین کو ایک پرومو کوڈ بھیج دیا۔

ایم ایم نیوز کی جانب سے رابطہ کرنے پر یانگو کسٹمر سپورٹ کے نمائندے یاسر نے بتایا کہ ڈرائیور کی آئی ڈی بلاک کر دی گئی ہے۔

متاثرہ خواتین اور ان کے اہل خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔ متاثرین نے کمپنی اور ڈرائیور دونوں کے خلاف تھانے میں شکایت درج کروانے کا عندیہ دیا ہے۔

اس واقعے کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور بڑی تعداد میں لوگوں نے یانگو کی سروس استعمال نہ کرنے اور بائیکاٹ کرنے کا عندیہ ظاہر کیا ہے۔

Related Posts