راجن پور میں کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن، 3افراد بازیاب

تازہ ترین

تازہ ترین

کچے کے ڈاکو
(فوٹو: ڈان)

پنجاب کے ضلع راجن پور میں کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کیا گیا ہے، پولیس نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران 3افراد کو بازیاب کرالیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ آپریشن راجن پور کے علاقے بنگلہ اچھا کچہ میں کیا گیا جس کے دوران ڈاکوؤں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ برآمد کیا گیا۔بازیاب کیے گئے افراد میں سے ایک کی شناخت کا عمل مکمل کرلیا گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر راجن پور محمد عمران کا کہنا ہے کہ بازیاب کیے گئے دیگر 2 افراد کی شناخت جاری ہے۔ آپریشن کے دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین شدید فائرنگ ہوئی، تاہم کسی ڈاکو کی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہوئی۔

ڈی پی او کے مطابق ڈاکوؤں کے ٹھکانے سے بھاری اور جدید اسلحہ برآمد کیا گیا جس میں اینٹی ائیر کرافٹ گن، اینٹی ٹینک آر پی جی اور راکٹ لانچر شامل ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی پولیس کو کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ ڈاکوؤں کے قبضے میں موجود جدید ترین اسلحہ ہے اور باور کیاجاتا ہے کہ یہ اسلحہ امریکی ہے جو جنگ کے اختتام پر افغانستان میں چھوڑ دیا گیا تھا۔

Related Posts