راولپنڈی: انٹر سروسز پبلک ریلیشنز نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے 23 اور 24 اکتوبر کی درمیانی شب خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں دو خودکش بمباروں سمیت نو “خوارج” کو ہلاک کر دیا۔
جمعرات کوآئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آپریشن کے دوران ہائی ویلیو ٹارگٹ اور دہشت گرد سرغنہ سید محمد عرف “قریشی استاد” بھی فوجیوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔
دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے “جو سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم رہے”۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے ، پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
اس سے قبل 5 اکتوبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک لیفٹیننٹ کرنل سمیت 6 پاکستانی فوجی شہید ہوئے تھے۔
فوج کے میڈیا ونگ نے کہا کہ دونوں فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب ہوا، جس کے دوران “چھ خوارج” بھی مارے گئے۔”لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت خوارج کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے تھے جب شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں وہ اور پانچ فوجی شہید ہو گئے۔”
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








