چیئرمین جوائنٹس چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے ایٹمی پروگرام کے متعلق قیاس آرائیوں پر انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کو عوام اور تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔قومی اسٹریٹیجک پروگرام پر بے بنیاد اور غیر ضروری تبصرے سے ہر صورت گریز کیا جائے۔
نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ یونیورسٹی) میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جنرل ندیم رضا کا کہنا تھا کہ نیوکلیئر ممالک میں رائج طریقہ عمل کے مطابق صرف نیشنل کمانڈ اتھارٹی ہی اسٹریٹجک پروگرام پر رسپانس اور تبصرہ دینے کی مجاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی سیکورٹی ناقابل تقسیم ہے، سول اور ملٹری قیادت اس اسٹریٹجک پروگرام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان کی نیوکلیئر صلاحیت وطن کے دفاع اور سالمیت کی ضامن ہے۔
ڈپٹی چیئرمین نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور پُراعتماد نیوکلیئر ملک ہے، پاکستان کی پالیسی فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس ہے جو کہ قابل اعتماد ایٹمی توازن کے دائرہ کار میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قومی سیکورٹی اور سیفٹی میکنزم ہر قسم کے خطرے کے خلاف تمام قومی اور بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق ہے۔