پاکستان اور ملائشیا کا باہمی تجارت اور سرمایہ کاری بہتر بنانے پر اتفاق

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان اور ملائشیا
(فوٹو: اے پی پی)

اسلام آباد: پاکستان اور ملائشیا نے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری بہتر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے ملائشین ہم منصب انور ابراہیم نے دونوں ممالک کے تعلقات پر سیر حاصل گفتگو کی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے ملائشین وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا کے بہت دیرینہ تعلقات ہیں اور ہم یہ تعلقات برقرار رکھتے ہوئے انہیں مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ سرمایہ کاری میں اہم ترین چیز وعدوں کی پاسداری ہوتی ہے۔

خطاب کے دوران ملائشین وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے شہباز شریف سے وعدے کیے اور ہماری توجہ تجارت اور سرمایہ کاری پر مرکوز رہے گی۔ دیکھنا یہ ہوگا کہ کیا ایکسپورٹ کیا جاسکتا ہے جس میں چاول اور بیف وغیرہ شامل ہیں۔ کراچی میں ملائشیا اپنا ایک خصوص دفتر بھی کھولے گا۔

ملائشین وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ ملائشیا کا یہ عمل اس سلسلے میں ہماری سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔ پاکستان کا ادارہ نسٹ بہترین تحقیق کرتا ہے۔ ہم پاکستان کے سائنس اور تحقیق کے شعبوں میں تجربات سے استفادہ کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ان سے اتفاق کیا۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ آج پاکستان اور ملائشیا کے مابین باہمی مسائل پر گفتگو ہوئی۔ ہم نے اپنی گفتگو کا اختتام مثبت انداز میں کیا۔ ملائشین ہم منصب نے مجھے یقین دہانی کروائی کہ پاکستانی اور ملائشین کاروباری افراد کی باہمی کاروبار کرنے میں مدد کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم حلال گوشت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ یہاں بیٹھی پاکستانی برادری کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ بہترین کام کریں اور دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو فروغ دیں۔

Related Posts