پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے دوران قیدیوں کا تبادلہ ہوا ہے، پاکستان نے بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے کانسٹیبل کو اور بھارت نے پنجاب رینجرز کے محمد اللہ کو پاکستانی حکام کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بی ایس ایف کے اہلکار پورنم کمار کو 23 اپریل 2025 کو گنڈا سنگھ والا کے فیروز پور سیکٹر میں پاکستانی حدود میں غیر ارادی طور پر داخل ہونے پر حراست میں لے لیا تھا۔ واقعے کے بعد قانونی اور سکیورٹی تقاضوں کو پورا کیا گیا۔
آج واہگہ بارڈر پر باقاعدہ طور پر بی ایس اہلکار پورنم کمار کو بھارت کے حوالے کیا گیا۔ بی ایس ایف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی گئی کہ پاکستان رینجرز نے پورنم کمار کو بحفاظت واپس بھارت کے حوالے کردیا ہے۔
پڑوسی ملک بھارت کے حکام نے بی ایس ایف اہلکار کی واپسی کو سراہتے ہوئے اسے مثبت اقدام قرار دیا، جبکہ پاکستان نے دونوں ممالک کے مابین کشیدگی کے دوران ہی یہ اقدام اٹھایا ہے۔ پاک بھارت سرحد بند ہے۔
دونوں ممالک کے مابین رواں ماہ کے آغاز سے ہونے والی جھڑپوں اور بھاری جانی نقصان کے بعد آج واہگہ اٹاری پوسٹ پر پاکستان اور بھارت کے ایک ایک قیدی کا تبادلہ ہوا، ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈین بارڈر سیکورٹی فورس کے پورنم کمار شاہ کو بھارتی حکام کے حوالے جبکہ پنجاب رینجرز کے محمد اللہ کو پاکستان کے حوالے کیا گیا۔
پاکستان نے ماضی کی طرح آج بھی ثابت کردیا کہ پاکستانی قوم عالمی اصولوں کی پاسداری کرتی ہے۔ انسانی بنیادوں پر ایک بھارتی فوجی کو واپس کرنا نہ صرف بین الاقوامی اصولوں کی پاسداری ہے بلکہ ایک مثبت پیغام بھی ہے کہ خطے میں امن و تعاون کی گنجائش اب بھی موجود ہے۔یہ اقدام دونوں ممالک کے مابین کشیدگی کم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








