ٹرائی نیشن سیریز کے سنسنی خیز میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے دی ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم 185رنز کے ہدف کے جواب میں 7وکٹس کے نقصان پر صرف 178رنز بنا سکی۔سری لنکن ٹیم فائنل میں پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق ٹرائی نیشن سیریز کے اہم میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو جیتنے کیلئے 185رنز کا ہدف دیا تھا۔ سری لنکن بیٹر کامل مشارا نے سب سے زیادہ 76رنز بنا کر مشکل ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
سری لنکا کے 185رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز مایوس کن رہا جب 29کے مجموعی اسکور پر صاحبزادہ فرحان 9رنز بنا کر جبکہ سابق کپتان بابر اعظم کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ 38 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے دوسرے اوپنر صائم ایوب بھی 18گیندوں پر 27رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
بعد ازاں فخر زمان بھی کوئی قابلِ ذکر شاٹس نہ کھیل سکے اور صرف 1 رن بنا کر 43 کے مجموعی اسکور پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ عثمان خان نے 23گیندوں پر 33رزنر کی اننگ کھیلی اور 99کے مجموعی اسکور پر وکٹ دے بیٹھے۔ 169 کے مجموعی اسکور پر محمد نواز بھی 27رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
کپتان سلمان علی آغا کی جانب سے 3چھکوں اور 4چوکوں کی مدد سے 44رنز کی ناقابلِ شکست اننگ بھی پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکی۔ پاکستان کی جانب سے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی فہیم اشرف تھے جنہوں نے 6گیندوں پر 7رنز بنائے تھے جبکہ محمد وسیم جونیئر میچ کے اختتام تک کوئی رن بنائے بغیر کریز پر موجود رہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکن ٹیم نے اپنی بیٹنگ کا شاندار آغاز کیا تاہم مہمان ٹیم کی پہلی وکٹ 16رنز پر گر گئی جب پتھم نسانکا 7گیندوں پر 8رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
بعد ازاں وکٹ کیپر بیٹر کسال مینڈس اور اوپنر بیٹر کامل مشارا نے تیسری وکٹ کی شراکت داری میں 66رنز بنا کر سری لنکا کو مستحکم آغاز فراہم کردیا۔ 82 کے مجموعی اسکور پر کسال مینڈس ابرار احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 23گیندوں پر 40 رنز بنائے تھے۔
اس کے بعد آنے والے بیٹر کسال پریرا وکٹ پر زیادہ دیر تک جم کر نہ کھیل سکے اور 8گیندوں پر 6رنز بنا کر 96 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بعد ازاں جنیتھ لیانگے نے کامل مشارا کا ساتھ دیا اور دونوں نے ٹیم کے اسکور کو 150 سے زائد پر پہنچا دیا۔
یہ پارٹنرشپ اس وقت ٹوٹی جب اس وقت تک میچ کے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی کامل مشارا 3چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 48گیندوں پر 76رنز بنا کر 153کے مجموعی اسکور پر ابرار احمد کی گیند پر محمد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ سری لنکن کپتان دسن شناکا سری لنکن ٹیم کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے۔
کپتان دسن شناکا کو پاکستان کے بابر اعظم نے 10گیندوں پر 17رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ کردیا۔ مہمان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5وکٹس کے نقصان پر 184رنز بنائے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








